بیرون ممالک کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں، بیرون ممالک کی جیلوں میں 12 ہزار سے زائد پاکستانی قید ہیں، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی جیلوں میں 6 ہزار 200 پاکستانی قیدی موجود ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایوان کو تحریری طور بتایا کہ بیرون ملک جیلوں میں 12 ہزار سے زائد پاکستانی قید ہیں، متحدہ عرب امارات کی جیلوں میں 3100 اور سعودی عرب کی جیلوں میں بھی 3100 پاکستانی قید ہیں۔
اس ضمن میں قومی اسمبلی کو فراہم کردہ دستاویزات کے تحت ابوظہبی کی جیلوں میں 1612 اور دبئی کی جیلوں میں 1488 پاکستانی قیدی ہیں۔
دستاویزات کے تحت جدہ کی جیلوں میں 1504 اورریاض کی جیلوں میں 1596 پاکستانی قید ہیں جبکہ قطر کی جیلوں میں 209، ترکی کی جیلوں میں 329 اور یونان کی جیلوں میں 811 پاکستانی قید ہیں۔
یوان کوبتایا گیا ہے کہ عراق کی جیلوں میں 672، منامہ کی جیلوں میں 208، اسپین کی جیلوں میں 115، چین کی جیلوں میں 239 پاکستانی قید ہیں جبکہ جرمنی کی جیلوں میں 119، آسٹریلیا کی جیلوں میں 44، امریکا کی جیلوں میں 98 پاکستانی قید ہیں۔
قومی اسمبلی کو فراہم کی جانے والی سرکاری دستاویزات کے تحت ملائیشیا کی جیلوں میں 151، کویت میں 55، برطانیہ کی جیلوں میں 275، ڈنماک کی جیلوں میں 32، سری لنکا کی جیلوں میں 94، مالدیپ کی جیلوں میں 21، افغانستان کی جیلوں میں 13، اردن کی جیلوں میں 12 اور نائجیریا کی جیلوں میں 8 پاکستانی قیدی موجود ہیں۔
وزارت خارجہ کی طرف سے بتایا گیا ہے ان قیدیوں کی جیلوں سے رہائی کے لیے متعلقہ فریقوں اور اور وزارتوں کے درمیان مشاورت کی جارہی ہے۔
0 Comments