جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانیوالا مسافر اور 5 ایجنٹ گرفتار

سیالکوٹ: ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے مسافرکو 5 ایجنٹوں و سہولت کاروں سمیت گرفتار کرلیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے ڈپٹی ڈائریکٹر علی امام زیدی کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے نجیب اللہ نامی افغان مسافر کو گرفتار کرلیا جو پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب جانے کی کوشش کررہا تھا۔

ملزم فلائٹ نمبر پی کے GF773 سے سعودی عرب جا رہا تھا، اس کے پاکستانی پاسپورٹ پر جعلی پروٹیکٹراسٹیمپ بھی لگی ہوئی تھی،  ملزم کی نشاندہی پر ایئرپورٹ کی پارکنگ سے 5 ایجنٹوں و سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔

گرفتار ہونے والے ملزمان میں محمد احد، شیراز خان، فیاض خان، وحید اور نعیم شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے گرفتار ایجنٹوں کے ذریعے پاکستانی پاسپورٹ حاصل کیا  تھا۔

ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل گجرات منتقل کر دیا گیا  ہے۔

 

Post a Comment

0 Comments