چیئرمین پی ٹی آئی اپنی بہن بہنوئی کو شاملِ تفتیش ہونے پر زور دیں، اینٹی کرپشن


 لاہور: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب  کا نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اپنی بہن اور بہنوئی کو شامل تفتیش ہونے پر زور دیں۔

سابق وزیراعظم کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن اور بہنوئی کے خلاف الزامات حقیقت پر مبنی ہیں۔ جھوٹے الزامات یا بدزبانی سے چیئرمین پی ٹی آئی حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتے۔

ترجمان کے مطابق اینٹی کرپشن نے کبھی نہیں کہا کہ عظمیٰ خان نے نومبر 2021 میں کوئی زمین خریدی۔ حقیقت یہ ہے کہ مارچ 2022 میں زمین کے انتقالات ہوئے، جب چیئرمین پی ٹی آئی وزیراعظم تھے۔ نومبر 2022 میں حقیقی مالکان نے زبردستی بے دخلی پر  جسٹس آف پیس کو درخواست دی۔

حقیقی مالکان نے درخواست میں عظمیٰ خان اور اس کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی۔مالکان نے الزام لگایا کہ عظمیٰ خان اور ان کے شوہر احد مجید انہیں زبردستی ملکیتی زمین سے بے دخل کر رہے ہیں۔ جسٹس آف پیس نے مالکان کے حق میں اور عظمیٰ خان اور اس کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو مشورہ ہے کہ وہ اپنی بہن اور بہنوئی پر اینٹی کرپشن میں درج ہونے والے مقدمے میں شاملِ تفتیش ہونے پر زور دیں۔

ترجمان کے مطابق اگر چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن اور بہنوئی کے پاس اپنے دفاع میں ثبوت ہیں تو وہ تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش کریں۔ اینٹی کرپشن کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری رکھے گا۔

Post a Comment

0 Comments