رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیج رہے، نگراں وزیراعظم


 نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ حکومت رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو پاکستان سے واپس نہیں بھیج رہی۔

میو اسپتال لاہور کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دورہ پنجاب سےحکومت کے بہت سے منصوبوں سے متعلق آگاہی حاصل ہوئی، تہذیب و ثقافت کے فروغ کے لئے پنجاب حکومت کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہی قلعے کی ثقافتی ورثے کی بحالی خوش آئند ہے، توقع ہے دیگر صوبے بھی ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے اہم اقدامات وقت کی ضرورت ہیں، وفاق پنجاب حکومت کو جہاں ضرورت ہوگی مدد فراہم کرے گا۔

غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجنے کی ڈیڈ لائن سے متعلق نگراں وزیراعظم نے کہا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیج رہے، بلکہ جن کے پاس کوئی کاغذات نہیں انہیں واپس بھیجا جا رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم تارکین وطن کو اپنے ملکوں میں واپس بھیجا جائے گا، دنیا کا کوئی ملک غیر قانونی مقیم افراد کو رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی دوسرے ملک کا شہری ویزا لیکر پاکستان آسکتا ہے، البتہ کسی کے املاک پر قبضہ کرنا یا ہتھیانا ہمارا مقصد نہیں ہے۔


Post a Comment

0 Comments