بینک منیجر کو لوٹنے والے 5 پولیس اہلکاروں کیخلاف اپنے ہی تھانے میں ڈکیتی کا مقدمہ درج

کراچی: سچل پولیس نے نجی بینک کے منیجر کو لوٹنے والے 5 پولیس اہل کاروں کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کر کے 2 اہل کاروں کو گرفتارکرلیا۔

ایس ایچ او نور محمد شیخ کے مطابق 3 اکتوبر کی شب نجی بینک کا منیجر جنید گاڑی میں سوار تھا جب کہ کار میں ایک خاتون بھی موجود تھیں اور وہ ملیر کینٹ جانے والی سڑک پر کھڑے تھے کہ اس دوران علاقہ گشت پر مامور تھانے کے   اہل کار انہیں دیکھ کر رک گئے اور ان سے بات چیت کی۔

اس دوران انہوں نے کار کی تلاشی لی تو بینک منیجر سے لائسنس یافتہ اسلحہ بھی ملا جب کہ پولیس اہل کاروں نے جنید سے موبائل فون ، 6 ہزار روپے نقد اور گاڑی میں موجود پرفیوم کی بوتلیں لے لیں، تاہم موبائل فون اور اسلحہ پولیس اہل کاروں نے واپس کر دیا اور دیگر سامان لے کر چلے گئے۔

مدعی مقدمہ نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کیا اور تھانے آکر رپورٹ درج کروائی، جس پر فوری طور پر ڈکیتی کا مقدمہ درج کرکے 2 اہل کاروں عبدالرحمٰن اور زبیر کو گرفتار کرلیا  گیا جب کہ دیگر 3 اہل کار فرار ہیں،  جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں ۔

 

Post a Comment

0 Comments